تحریک نفاذفقہ جعفریہ کا 5 جمادی الاول کو "یوم عقیلہ بنی ہاشم "منانے کا اعلان

Dec 30, 2019

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی)تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدرسیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی خصوصی ہدایت پر بدھ 5جمادی الاول کو ثانی زہرا حضرت سید ہ زینب بنت علیؑ کی ولادت پُر نور کی مناسبت سے "یوم عقیلہ بنی ہاشم "منانے کا اعلان کیاہے، سیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ یوم عقیلہ بنی ہاشم کے موقع پر ملک بھرمیں سیکیورٹی کویقینی بنائے ،ذرائع ابلاغ محسنہ حسینیت ؑ کی سیرت و کردار اجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ ا انسانیت کو امن و آشتی سے ہمکنار کرنے کیلئے شیطنت سے عملی بیزاری اور راہ حسینیت و زینبیت پر گامزن ہونا ضروری ہے ۔ سیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام میں جہاں افراد کو عزت عطا کی گئی اور بیٹوں کو نعمت کہا گیا تو بیٹیوں کو رحمت گردانا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ حضور اکرم کے رحمۃ العالمین قرار دینے سے مراد یہ ہو کہ آپ خاتون جنت کے والد نامدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس خانوادہ کے تمام زن و مرد اور صغیر وکبیر زیور تقویٰ سے آراستہ ہیں، اگرتمام حضرات محمد ہیں تو جملہ خواتین فاطمات ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخدرات عصمت و طہارت میں ایک عظیم ہستی حضر ت زینب بنت علی و فاطمہ دنیائے نسوانیت کی وہ جرات مند اور قوی ترین بہادر خاتون ہیں جن کے زہد و تقویٰ کی گواہی حضرت امام زین العابدین نے آپ کو عالمہ غیر معلمہ کہہ کر دی ۔

مزیدخبریں