ملک میںنجی اور سرکاری شعبے میں یکساں تعلیمی نصاب رائج کرنیکی حکمت عملی طے

Dec 30, 2019

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی حکومت نے صوبوں کے ساتھ ملکرملک بھر میںنجی اور سرکاری شعبے میںیکساں تعلیمی نصاب رائج کرنے کی حکمت عملی طے کر لی ہے ، قومی نصاب کونسل نے دنیا میں رائج مختلف تعلیمی نظاموں کا جائزہ لینے کے بعد پہلی سے پانچویں جماعت کا نصاب تیار کرکے صوبوں کی رائے لینے کیلئے بھجوا دیا ہے اور مارچ2020 تک ترتیب دیدیا جائیگا ،دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کا نصاب مارچ2021 اور تیسرے فیز میں نویں سے بارہویں جماعت کایکساں نصاب مارچ2022 تک ترتیب دیکر نافذ کیا جائیگا ۔وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک کے یکساں نصاب کی تیاری میں سنگا پور ، کیمبرج کے نصاب ، سنگار پور ، ملائیشیا ، انڈونیشا اور برطانیہ کے سیکھنے کے معیار کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے اور سیکھنے کے معیا ر اور تقابلی مطالعہ کے نتائج کے بعد سبجیکٹ سیٹنڈر طے کیے گئے ہیں اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو مد نظر رکھا گیا اور جد ید ٹیکنالوجی کو بھی مضامین میں شامل کیا گیا ہے ، صوبوں کی رائے لینے اور اس پر بریفنگ دینے کیلئے صوبائی سطح پر ورکشاپس کا انعقاد کیا جا چکاہے بلوچستان ، آزاد کشمیر، خیبر پختونخو ا ،پنجاب، کینٹ اینڈ گریژن ، پنجاب، گلگت بلتستان میں ورکشاپس کا انعقاد کیا جا چکا ہے اور سندھ میں2جنوری ورکشاپ منعقد ہو گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورکشاپس کے انعقاد کے بعد قائم کی جانے والی مختلف کمیٹیاں معیاری تعلیم کیلئے کم سے کم قومی معیار سمیت مختلف مضامین کا ایک بار پھر جائزہ لیں گی جبکہ جنوری 2020میں قومی نصاب فریم ورک کیلئے بین الصوبائی جائزہ کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائیگا اور پندرہ جنوری 2020کو صوبوں کی جانب سے نصاب کے حوالے سے دی جانے والی ان پٹ کا جائزہ لیاجائیگا اور 31جنوری کو صوبوں کی جانب سے دئیے جانے والے ان پٹ کو یکساںقومی نصاب کے ڈرافٹ کا حصہ بنانے کیلئے مشاورت کی جائیگی اور سات فروری 2020کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں سے مشاورت کی جایگی اور 20فروری کو یکساں قومی نصاب میں ویلیو ایڈیشن کی جائیگی اور 28فروری 2020کو قومی کانفرنس بلائی جائیگی جس میں یکساں قومی نصاب کو حتمی شکل دی جائیگی اور صوبوں سمیت دیگر سٹیک ہولڈر سے ملنے والی ان پٹ او ر ملک بھر میں ہونے والی ورکشاپس سے حاصل ہونے والی تجاویز کو اس میں شامل کیا جائیگا جس کے بعد پندرہ مارچ2020 کو قومی نصاب کونسل اور بین الصوبائی وزراء تعلیم کمیٹی سے یکساں قومی نصاب کی منظوری لیکر 31مارچ2020 کووزیراعظم عمران خان، پہلی سے پانچویں جماعت کیلئے یکساں قومی نصاب کی لانچنگ تقریب کے دوران اس کا آغاز کریں گے ۔

مزیدخبریں