کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ کراچی چڑیاگھر اب پہلے سے مزید بہتر ہوگیا ہے،تیس سال بعد بچوں کے ساتھ یہاں آیا ہوں، رویوں میں مثبت تبدیلی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے بہترین کردار ادا کرتی ہے، بچوں کو موبائل جیسی چیزوںسے دور رکھیں اور کھیلوں کی طرف راغب کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوکراچی چڑیا گھر میں پاکستان نفسیاتی سوسائٹی کی جانب سے ذہنی صحت کی آگاہی کے حوالے سے شروع کی گئی مہم کے افتتاح پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زو کنور ایوب، جناح اسپتال کے ڈاکٹرکمال خان، ڈاکٹر روزینہ، پروفیسر اقبال آفریدی، ڈاکٹر بہرام خان، ڈاکٹر اجیا قمر،ڈاکٹر شریف اور چڑیا گھر میں آنے والے شہری اور ان کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، سابق کرکٹر یونس خان نے کہا کہ وہ سابق کپتان سرفراز کے مستقبل کے لیے پریشان ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئندہے۔ توقع ہے کہ سرفراز بھی دوبارہ جلد میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا مجھ پر قرض ہے میں کراچی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں یہ مہم پورے ملک میں چلائی جانی چاہیے۔ چھوٹے چھوٹے کاموں سے جسمانی اور ذہنی صحت کو فروغ دیں سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ہونا چاہیئے والدین کو چاہیے کہ وہ چھوٹے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھیں تاکہ بچے آوٹ ڈور کھیل کھیلیں جس سے ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما بہتر ہوگی انہوں نے کہا کہ مقصد کے حساب سے چیزوں کا استعمال کریں سرفراز کراچی کا فخر ہے ،ہر چیز میں وقت لگتا ہے، پاکستان کرکٹ میں بھی بہتری آئے گی، ہوم گراؤنڈز پر کرکٹ واپس آگئی ہے پہلے زمانے میں محلے کیبڑے بچوں کو تعلیم فراہم کرتے تھے ہم نے اپنی زندگی کو کیوں مشکل بنالیا ہے، جناح اسپتال شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر اقبال آفریدی نے کہا کہ جسمانی اور ذہنی صحت کو ٹھیک کرنا ضروری ہے صحت مند ہونے سے اسپتالوں پر سے بوجھ کم ہوجائے گا اور پاکستان کی معشیت بہتر ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ جذباتی رویے پر قابو پانا ضروری ہے حصول رزق حلال عبادت بھی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ہر موسم سے مالا مال ہے اجتماعی سوچ کو فروغ دینا چاہئے ، کراچی زو انتطامیہ کو مغل گارڈن کی بحالی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ میڈیا درست رپورٹنگ کرے تو ذہنی صحت پر فرق پڑتا ہے، کراچی زولوجیکل گارڈن کے ڈائریکٹر کنور ایوب نے اس موقع پر مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
کراچی چڑیاگھر اب پہلے سے مزید بہتر ہوگیا ہے‘ سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان
Dec 30, 2019