جرمنی میں تلوار بردار شخص کو اس کی ماں کے سامنے گولی مارکرہلاک کر دیا گیا

جنوبی جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں پولیس نے ایک ایسے تلوار بردار شخص کو اس کی والدہ کے سامنے گولی مار دی، جس نے پولیس پر حملے کی کوشش کی تھی۔ بعد ازاں پولیس کو اس شخص کے گھر سے پیلٹ گنیں، ایک کمان اور مزید ایک تلوار بھی ملی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ کے دارالحکومت شٹٹ گارٹ میں پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے میں پہلے تو یہ شخص ایک کار کریش کی وجہ بنا اور جب پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، تو اس نے ان کو دھمکیاں دینے کے علاوہ ان پر ایک تلوار سے حملے کی کوشش بھی کی۔پولیس کے مطابق اس شخص نے اپنے ہاتھ میں جو تلوار اٹھا رکھی تھی، وہ 70 سینٹی میٹر (دو فٹ تین انچ) لمبی تھی اور وہ انتہائی مشتعل تھا۔ اس پر پولیس نے پہلے تو کالی مرچوں والا سپرے استعمال کر کے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن جب یہ شخص پھر بھی دھمکیاں دینے اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی کوششوں سے باز نہ آیا، تو پولیس نے اس پر فائرنگ کر دی۔اس شخص کو متعدد گولیاں لگی تھیں، جس کے بعد اسے علاج کے لیے ایک مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ پولیس کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ چند ڈرائیوروں اور راہگیروں نے پولیس کو فون کر کے خبردار کر دیا تھا کہ ایک ڈرائیور بڑی لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔ تب یہ شخص ٹریفک کے لیے ایک سڑک پر بنائے گئے گول چکر پر معمول کی سمت کے برعکس ڈرائیونگ کرتے ہوئے دیگر ڈرائیوروں کے لیے خطرناک بھی ہو چکا تھا اور اس دوران اس کی گاڑی کی ایک سائیڈ ایک عمارت کی دیوار کے ساتھ گھسٹتی بھی چلی گئی تھی۔پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس شخص کی عمر 32 برس تھی اور گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر اس کی 69 سالہ والدہ بھی بیٹھی ہوئی تھی۔ اس شخص کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ شاید وہ ذہنی مسائل کا شکار تھا۔ اس کی گاڑی پولیس کی طرف سے روکے جانے سے پہلے سڑک کے کنارے بنے ایک اشتہاری ستون سے بھی ٹکرا گئی تھی۔پولیس اس گاڑی کو کریش کی جگہ سے کچھ دور روکنے میں کامیاب ہو گئی۔ وہیں پر اس گاڑی کے ڈرائیور نے تلوار پکڑے پولیس پر حملے کی کوشش کی تو وہ پولیس کی فائرنگ میں زخمی ہو گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس پورے واقعے میں مارے جانے والے ڈرائیور کی والدہ بھی زخمی ہو گئی۔ تاہم یہ بات غیر واضح ہے کہ اس خاتون کو آنے والے زخموں کی وجہ کیا تھی۔اس واقعے کے بعد جب اس شخص کے گھر کی تلاشی لی گئی، تو پولیس کو وہاں سے دو پیلٹ گنیں، ایک کمان اور مزید ایک تلوار بھی ملی۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ بظاہر یہ شخص ایک نفسیاتی مریض تھا۔

ای پیپر دی نیشن