وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے ازبکستان کے وفدکی ملاقات 

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے ازبکستان کے وفد نے منگل کو ملاقات کی۔وفد کی قیادت ازبک وزیر  ٹرانسپورٹ  ایلکام ماکاموو نے کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،کارگو ٹرین سروس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات ٹرانز افغان ریل پراجیکٹ  کے سلسلے میں کی گئی ہے جس کے تحت پاکستان اور ازبکستان کو افغانستان کے ذریعے ریل لنک سے ملایا جائے گا۔ بعد ازاں باقی وسطی ایشیائی ممالک بھی اس میں شامل ہوسکیں گے  ۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان،افغانستان اور ازبکستان کے مابین  کارگو سروس شروع کی جاسکے گی۔ آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان ٹرانز افغان ریل لنک کے لئے  ورلڈ بینک کے نام سہ ملکی مشترکہ اپیل پر دستخط بھی کریں گے ۔واضح رہے کہ اس سہ ملکی مشترکہ اپیل پر  پہلے ہی  صدر افغانستان اور صدر ازبکستان دستخط کر چکے ہیں۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ تین ممالک کی جانب سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اپیل ورلڈ بینک کو  کی جائے گی جو کہ پہلے ہی اس اپیل کے حوالے سے آن بورڈ ہے، یہ ریلوے لنک تینوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم  کردار ادا کرے گا۔مشترکہ اپیل کے تحت حاصل ہونے والے سرمائے سے 573 کلومیٹر طویل ریلوے لنک بچھایا جائے گا، اس ٹریک پر 27 سٹیشن ، 912 مختلف النوع تعمیرات اور 7 ٹنل ہوں گے۔مختصر ترین معاشی ٹریک پشاور سے کابل اور کابل سے مزار شریف کے ذریعے ازبکستان کے ساتھ جا ملے گا۔خطے کی معیشت کو جوائنٹ وینچر کے ذریعے مضبوط کریں گے، دہشت گردوں کو  نکال باہر کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن