پاکستان نے کشمیری قیادت کی مسلسل قید و بند اور بگڑتی ہوئی صحت کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کیلئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آواز بلند کرے۔
ایک عرصہ سے ’’’دختران ملت‘‘ تنظیم کی بانی رہنما آسیہ اندرابی، ڈیموکریٹک پارٹی جموں وکشمیر کے بانی شبیر احمد شاہ، ممتاز قائدین یاسین ملک، مسرت عالم بھٹ، محمد اشرف صحرائی اور دیگر شامل ہیں جو بدنام زمانہ تہاڑ اور دیگر جیلوں میں کرونا وبا کے دوران انتہائی نامساعد حالات میں پابند سلاسل ہیں۔ بھارتی حکومت کے بدنتی پر مبنی جھوٹے اور من گھڑت الزامات کے تحت یہ کشمیری رہنما غیرقانونی طورپر گرفتار ہیں۔ کرونا کی وبا نے دنیا کو بری طرح لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ حریت کانفرنس کے متعدد رہنما بھی کرونا میں مبتلا ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قیدیوں کو الگ رکھنے کی سہولت نہیں دی جا رہی‘ یہ انسانیت کیخلاف جرم کے مصداق ہے۔ عالمی برادری کو اس حوالے سے فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔