این سی پی سی نے تین سالوں میں 1364بچوں کو لواحقین سے ملایا

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنل چائلڈ پروٹیکشن سینٹر (این سی پی سی) نے 2015سے 2018تک تین سالوں میں 1364 بچوں کو ان کے لواحقین سے ملایا۔ وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق سال 2020کے دوران بچوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے زینب الرٹ، ریکوری اینڈ رسپانس بل، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بچوں سے مشقت پر پابندی پر پہلے ہی عمل درآمد ہو رہا ہے۔ وزارت انسانی حقوق نے ملک میں بچوں کے تحفظ کے لئے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ نیشنل چائلڈ پروٹیکشن سینٹر نے 2015سے 2020تک پانچ سالوں کے دوران 1492 بچوں کو تعلیم میں سہولت فراہم کی۔ اعداد و شمار کے مطابق پانچ سالوں میں 416 بچوں کو ان کے لواحقین سے ملایا جبکہ 483 بچوں کو غیر رسمی تعلیمی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق نیشنل چائلڈ پروٹیکشن سینٹرکی جانب سے 2015میں 81 بچوں کو غیر رسمی تعلیم کا حصہ بنایا گیا، سال 2016میں 150، 2017میں 60، 2018میں 79، 2019میں 125 اور 2020میں 60 بچوں کو غیر رسمی تعلیم دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن