کراچی،مکان میں دھماکے کے بعد آگ،3کمسن بہن بھائی زندہ جل گئے

Dec 30, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے محمودآباد کشمیر کالونی میں مکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3بہن بھائی جاں بحق جبکہ میاں بیوی اور ایک بچہ شدیدزخمی ہوگیا، طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیاگیا، جن کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے،سندھ کے وزیرمحنت وتعلیم سعید غنی  آگ سے متاثرہ گھر پہنچ گئے اور گھرکا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح محمودآباد کے علاقے کشمیر کالونی گلی نمبر 7 میں گرائونڈ پلس دو منزلہ مکان کے گرائونڈ فلور پرمحنت کش فیاض ایک کمرے کے گھر میں اپنے بیوی اور پانچ بچوں کے ہمراہ رہائش پزیر تھا علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے میں گزشتہ دس روز سے گیس کی بندش ہے اس لئے مکین گیس کے سلنڈر استعمال کررہے تھے ،اچانک مکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی آگ کے شعلے دیکھ کر علاقہ مکیں جمع ہوگئے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی اطلاع ملنے پر چھیپا اور ایدھی کی ایمبولنسز اور رضا کا ر بھی پہنچ گئے، مکان سے تین بچوں کی سوختہ نعشیں نکالی گئیں جبکہ میاں بیوی سمیت  ایک بیٹی کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا ۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 7 سالہ سلمی، 3سالہ حمزہ اورایک سالہ شیر خوار عمامہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں گھر کا سربراہ 40سالہ فیاض اسکی بیوی 35سالہ سعیدہ ا ور 5سالہ ثانیہ شامل ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی میاں بیوی 100فیصد جھلس گئے ہیں،ڈاکٹروں کے مطابق انکی حالت تشویش ناک ہے۔ایس ایچ او محمودآباد اعجاز پٹھان کے مطابق گھر میں گیس سلنڈر نہیں پھٹا سلنڈر محفوظ ہے آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہے پولیس تحقیقات کررہی ہے گھر کا سربراہ کرائے پر رہتا تھا بلڈنگ میں چارگھر ہیں فیاض کا گھر مکمل طور پر جل گیاہے ۔ علاوہ ازیںکراچی اورنگی ٹاون میٹروسینما کے قریب چار منزلہ عمارت میں قائم الیکٹرانک کی دکان اور رنچھوڑ لائن پرانا مارواڑی لائن میں فلیٹ میں آگ لگ گئی لاکھوں روپے کا سامان جل گیا۔ اورنگی ٹاون میٹروسینما کے قریب چار منزلہ عمارت میں قائم الیکٹرانک کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی اس اطلاع پر پولیس ، ریسکیوعملہ اور فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ، فائر فائیٹرز نے آگ پر قابوپانے کی کوششیں شروع کردی ، پولیس کاکہنا تھا کہ دکان میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی اور دو فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،  ابتدائی طور پر بتایا جاتا ہے کہ عمارت خالی تھی اس میں کوئی رہائشی وغیرہ موجود نہیں ہے ، ترجمان فائر بریگیڈ نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے نصف گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔

مزیدخبریں