اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی شریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام امام سرخسی خطبات کے سلسلے میں ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ نے اسلام اور ماحولیات کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالحئی ابڑو، اکیڈمی و جامعہ کے اساتذہ، اکیڈمی کے 62 ویں کورس میں شریک ججز،اٹارنیز، قاضی، پراسیکیوٹرز اور لاء آفیسر سمیت گلگت و چترال کے وکلاء نے بھی شرکت کی۔ جسٹس فائز عیسٰی نے ماحولیات کے متعلق عدالتی فیصلوں میں قواعد شریعہ کے پہلوؤں کی نشاندہی کی اور جنگلی حیات، نباتات اور پارکس سے متعلق مقدمات پر بحث کرتے ہوئے ان میں اسلامی تعلیمات سے استفادہ کیے جانے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مقدمات کے فیصلوں میں قرآنی آیات اور احادیث کے اقتباسات کا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بقائے ماحولیات اور قدرت کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگلی حیات اور قدرت سے متعلق مقدمات میں دینی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
اسلام میں بقائے ماحولیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،جسٹس فائز عیسٰی
Dec 30, 2020