چوکی (نامہ نگار) ایل او سی سماہنی سیکٹر کے گائوں بڑوھ میں بھارتی فوج کی سویلین آبادی پر اندھا دھند گولہ باری، بڑوھ بائیں نالہ میں مقامی نوجوان احمد رضا ولد قاری محمد رضا چشتی گھر کے قریب مارٹر گولہ پھٹنے سے شدید زخمی ہوا، زخمی کو سماہنی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد بھمبر ریفر کر دیا گیا۔ بھارتی گولہ باری سے مال مویشی زخمی‘ لوگوں کی قیمتی املاک کا بھی نقصان ہوا۔ تفصیل کے مطابق سماہنی سیکٹر کے مختلف سرحدی دیہات میں آئے روز بھارتی فوجی جارحیت اور سویلین آبادی پر فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کے روز سرحدی گائوں بڑوھ میں بائیں نالہ میں مقامی رہائشی نوجوان احمد رضا ولد قاری محمد رضا چشتی گھر کے قریب بھارتی فوج کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ پھٹنے سے گولے کے شیل لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ جبکہ اس موقع پر مال مویشی زخمی ہونے کیساتھ لوگوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی نوجوان کو سماہنی ہسپتال لایا گیا جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے بھمبر ریفر کر دیا گیا۔ سرحدی علاقوں میں آئے روز بھارتی فوج کی جارحیت سے سویلین آبادی کی نقل و حرکت محدود ہو چکی ہے۔ رات اور دن کے مختلف اوقات میں بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس سے شہریوں کے شہید و زخمی ہونے کیساتھ ساتھ مال مویشیوں و قیمتی املاک کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔