کورنگی صنعتی علاقے سے سالڈ ویسٹ کولیکشن کا میکانزم بنانے پر اتفاق 

کراچی(کامرس رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مابین کورنگی صنعتی علاقے سے سالڈ ویسٹ کی صفائی سے متعلق میکانزم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹرایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر احمدچنا کی کاٹی کے دورے کے موقع پر کورنگی صنعتی علاقے سے سالڈ ویسٹ کی کولیکشن سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کاٹی کے صدر سلیم الزماں، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر ذکی احمد شریف، نائب صدر نگہت اعوان، سابق صدور مسعود نقی، دانش خان اور دیگر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ کاٹی کے صدر سلیم الزمان نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو کورنگی میں سالڈ ویسٹ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ کورنگی کی صنعتوں سے سالڈ ویسٹ کی کولیکشن کے لیے باقاعدہ ایک میکانزم بنایا جائے گا جس کے تحت کچرے کوصنعتی علاقے سے لے جاکر جی ٹی ایس تک پہنچانے کے تمام مراحل کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کاٹی اورسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مابین مزید تفصیلات طے ہونے کے بعد باقاعدہ ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن