کراچی (اسپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ کیخلاف مائونٹ منگنوئی ٹیسٹ میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہے،کیویز نے جیت کیلئے پاکستان کو 372رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 71رنز بنا لیے ہیں اور گرین شرٹس کو میچ جیتنے کیلئے مزید 302رنز درکار ہیں۔پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام رہی اور دونوں اوپنر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ حارث سہیل 9رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔چوتھے دن کے اختتام پرقومی ٹیم 71رنز بنا چکی تھی اور اس کے 3کھلاڑی آئوٹ تھے جبکہ اظہر علی 34اور فواد عالم 21رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔منگل کومائونٹ منگنوئی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا ذمہ دارانہ آغاز کیا۔اوپنر ٹوم لیتھم اور ٹوم بلنڈ ڈیل نے 111رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور 33ویں اوور میں 64رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، جس کے بعد اگلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر ٹوم لیتھم تھے جو 53رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔اوپننگ شراکت کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی بڑی پارٹنرشپ قائم نہیں کرسکی اور 147 پر کین ولیم سن 21رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔جس کے بعد روس ٹیلر اور ہینری نکولس نے ٹیم کے اسکور کر 165تک پہنچایا ہی تھا کہ نکولس نسیم شاہ کی گیند کا شکار بن گئے۔جس کے فوری بعد صرف مجموعی اسکور میں صرف 5رنز کے اضافے کے ساتھ ہی کیوی ٹیم کی پانچویں وکٹ بھی 170رنز پر گر گئی۔پہلی اننگ میں 192رنز کی برتری حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 5وکٹوں کے کھونے کے بعد دوسری اننگ 180رنز پر ڈکلیئر کردی۔کیوی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 64رنز ٹوم بلنڈیل نے بنائے جس کے بعد ٹوم لیتھم 53رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد عباس کے حصے میں ایک وکٹ آئی ۔یوں پاکستان کو جیتنے کیلئے 373رنز کا ہدف ملا۔کیوی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹم ساتھی نے 2وکٹیں لینے کے ساتھ ہی اپنی 300ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرلیں۔خیال رہے کہ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 431رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں فہیم اشرف کے 91اور محمد رضوان کے 71 رنز کی بدولت 239رنز بنا سکا تھا۔