لاہور میں بین الاقوامی سطح کی سہولیات اور اسٹینڈرڈز سے آراستہ نیا شہر آباد ہونے کے حوالے سے پیشرفت جاری ہے۔ نہ صرف پلاننگ کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے بلکہ منصوبہ اب گراؤنڈ لیول پر پہنچ چکا ہے۔ منصوبے کے حوالے سے مزید بیان کرتے ہوئے چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز نے بتایا کہ یہ منصوبہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو نہ صرف لاہور یا پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں نئے ٹرینڈز سیٹ کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راوی کے کنارے آباد ہونے والے اس نئے شہر کو دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی طرح ٹیکنالوجی سمیت دیگر سہولیات سے مزین کیا جائے گا اور یہ منصوبہ پورے ریجن کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔ راوی کنارے بسنے والا یہ شہرحجم کے اعتبار سے قومی دارالحکومت سے بھی بڑا ہوگا۔ اس شہر میں مسائل کو وسائل میں تبدیل کیا جائے گا، یہاں ہائی ٹیک ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا جو ویسٹ سے بجلی پیدا کرے گا اور شہر کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا۔ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بھرپور انداز میں کام جاری ہے، یہ منصوبہ گراؤنڈ لیول تک پہنچ چکا ہے۔ اس نوعیت کے اتنے بڑے منصوبے کے لحاظ سے اتھارٹی بہترین انداز میں پروگریس کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی منصوبے کے آغاز سے ہی 2 لاکھ نوکریوں کے مواقع پیدا کرے گی اور 49 صنعتی شعبوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ جہاں کورونا نے گلوبل اکانومی متاثر کی وہاں RUDA جیسے منصوبے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوتے ہیں۔ اس منصوبے میں لوکل اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے شروع سے ہی دلچسپی کا اظہار کیا اور اس وقت ہمیں پاکستانی، چینی اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں سے پیشکش آچکی ہیں جو اس منصوبے کی کامیابی کی ضمانت ہیں اور ہمیں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سرمایہ کاری کی کوئی کمی درپیش نہیں۔ چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے میں اربن فاریسٹ، ریورورکس اور جھیلیں بھی شامل ہیں جو نہ صرف اس منصوبے کی خوبصورتی کو چار چاند لگائیں گی بلکہ اربن فاریسٹ کی وجہ سے یہ منصوبہ ایک ماحول دوست منصوبہ ثابت ہوگا جو وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے ویژن کا عکاس ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان خود بھی اس منصوبہ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کی فوری تکمیل کیلئے قومی اور صوبائی قیادت کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی شعبے سمیت 49 صنعتوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا:چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی
Dec 30, 2020 | 16:14