وزیراعظم کا افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ

Dec 30, 2020 | 23:13

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے مذاکراتی سیاسی تصفیے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے کیونکہ جنگ زدہ ملک کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں افغانستان کے صنعت و تجارت کے وزیرNisar Ahmed Faizi Ghoryani سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فریقین پر جنگ بندی کیلئے تشدد میں کمی کے اقدامات پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہے جس کیلئے علاقائی رابطہ کو بڑھانا ہو گا اور اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع فراہم کرنا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وسیع اقتصادی تعاون کے مواقع موجود ہیں جن کیلئے تجارتی اور معاشی تعاون ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مزار شریف، کابل، پشاور ریلوے لائن منصوبہ اہمیت کا حامل ہے اور اس کیلئے فنڈز کےحصول کی خاطر پاکستان ازبکستان کی حمایت کرے گا۔
افغان وزیر نے انہیں افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ راہداری تجارت سے متعلق امور پر پیش رفت پر بات چیت کی۔انہوں نے افغان امن عمل میں معاونت پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی افغانستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں