تیزرفتاری اور اشارہ توڑنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے

مکرمی! لاہور میں ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی پر بھاری چالان کر رہی ہے جو ایک احسن اقدام ہے مگر وہ اشارے کی پابندی نہ کرنے والوں کی طرف سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہے جو ون وے کی خلاف ورزی سے زیادہ خطرناک عمل ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ اشارہ کھلنے یا بند ہونے سے قبل ہی کئی کار سوار‘ موٹرسائیکل سوار اور چنگ چی  والے ہی نہیں‘ ویگن والے بھی نہایت لاپروائی سے تیزرفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے کئی بار  حادثات بھی ہوتے ہیں۔ اندرون شہر کی بات چھوڑیں۔ بڑی بڑی شاہراہوں پر جہاں سکیورٹی کیمرے بھی لگے ہیں‘ یہ لوگ باز نہیں آ تے۔ خدا جانے یہ کیمرے کس مرض کی دوا ہیں۔ اگر یہ بند نہیں‘ چالو ہیںتو ایسے عناصر کی نشاندہی کیوں نہیں ہوتی جو خطرناک انداز میں اشارہ توڑتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔ صرف یہی نہیں‘ تیزرفتاری اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والے بھی سرعام قانون کا مذاق اڑاتے نظر آتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کو اس کے سدباب کیلئے ون وے کے علاوہ اشارہ توڑنے‘ تیزرفتاری کرنے والوں اور ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف سخت بلاتفریق کارروائی کرنی چاہئے۔(تہمیر بٹ ۔ اقبال ٹائون لاہور)

ای پیپر دی نیشن