لاہور، سیالکوٹ (لیڈی رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) تھانہ بیگووالہ چک بھاڈا میں 13 سالہ عیشاء کو قتل کرنے والا ملزم محمد شاہد گرفتار کر لیا گیا۔ شاہد پڑوسی ہے اور تین بچوں کا باپ ہے۔ ڈی پی اوسیالکوٹ عمر سعید ملک نے 10 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ 300 گھروں کی تلاشی لی گئی اور سینکڑوں لوگوں کو شامل تفتیش کیا گیا۔ اصل ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے زیادتی کی نیت سے بچی کو اغوا کیا تھا۔ شور کرنے پر گلا دبا دیا۔ ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ 13 سالہ عیشا 11 روز قبل دودھ لینے گئی تھی۔ منگل کے روز بچی کی نعش قریبی کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ پوسٹ مارٹم، ضروری کارروائی اور نماز جنازہ کے بعد مقتولہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مقتولہ بچی عیشاء کی بالٹی بھی برآمد ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں 13 سالہ لڑکی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ لاہور سے لیڈی رپورٹر کے مطابق سپیشل کوآرڈی نیٹر وزیراعلیٰ و چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو سیالکوٹ کی ٹیم کو مقتولہ لڑکی کے لواحقین سے رابطہ کی ہدایت کر دی گئی۔
ملزم گرفتار