اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین جاوید لطف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پارلیمان کو بے توقیر کر دیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس آج مجبوراً سڑک پر منعقد کرنا پڑا ہے۔ وہ بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر کے سامنے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ کمیٹی کے ارکان رانا ارادت، سعد وسیم شیخ، ندیم عباس اور ذوالفقار بھی موجود تھے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کی اشاعت کے معاملے پر رانا شمیم اور صحافی کو بلایا گیا، ان کو بلانے کا مقصد یہ تھا کہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد کمزور نہ ہو کیونکہ عدلیہ عوام کی جان و مال کے فیصلے کرتی ہے۔ لیکن حکومت نے ان کو بلانے سے متعلق ایجنڈا آئٹم نکالنے کے لئے کمیٹی پر دبائو ڈالا۔ چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام ارکان نے اتفاق رائے سے رانا شمیم اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو بلانے کا فیصلہ کیا تھا اور سوالنامہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس لئے اس کو موخر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں حکومت کے ارکان کی بھی موجود ہیں، کمیٹی میں کوئی بھی پوائنٹ سکورنگ نہیں کر رہا۔ ہم نے رانا شمیم اور ثاقب نثار کو بلایا لیکن وہ نہیں آئے۔
حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کر دیا ‘مجبوراً قائمہ کمیٹی اجلاس سڑک پر کرنا پڑا: جاوید لطیف
Dec 30, 2021