امید ہے سپریم کورٹ بلدیاتی نمائندوں کی سلب مدت بحال کرے گی: احسن اقبال

Dec 30, 2021

نارووال (نامہ نگار) چیئرمین ضلع کونسل احمد اقبال کی خصوصی دعوت پر آل پنجاب میئر و ڈسٹرکٹ چیئرمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر کے میئرز اور ضلعی چیئرمینوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1993میں معزز سپریم کورٹ نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو بحال کیا تو چند ہی سیکنڈ میں میاں محمد نواز شریف اپنے عہدے وزیر اعظم پاکستان کے طور پر بحال ہوگئے لیکن معزز سپریم کورٹ نے بلدیاتی نظام کو پنجاب میں بحال کیا تو حکومت نے سات ماہ تک عدالتی فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک کر رکھا۔ معزز عدالت کے فیصلے کی اتنی بے توقیری اس حکومت نے جتنی کی اس سے پہلے اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلدیاتی اداروں کو ختم ہونے میں ابھی چند دن باقی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت عالیہ جو ڈھائی سال حکومت کی وجہ سے ضائع ہوئے ہیں ان پر نظر ثانی کریں گے اور عوام کو انکا حق دیں گے۔ احسن اقبال نے کہا جو لوگ بلدیاتی ادارے ختم کرنے کے پیچھے تھے ان پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ بلدیاتی نمائندوں کی سلب مدت بحال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری کلچر کے فروغ کی ضرورت ہے۔ کانفرنس سے پنجاب بھر سے ضلع کونسل نارووال میں آئے میئرز اور ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے ملک میں جمہوری نظام کو مضبوظ کرنے کیلئے جو طویل جنگ لڑی ہے اس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو ہوگا۔

مزیدخبریں