قوموں کا مستقبل تخلیقی سوچ اور جدت پسندی سے وابستہ، گورنر سندھ

 کراچی (نیوز رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا نیشنل آئیڈیا بینک (این آئی بی )پاکستان کے صدرڈاکٹر عارف علوی کا ویژن ہے، جنہوں نے فروری 2021 میں اس پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ ان کا وژن تیزی سے آگے بڑھ رہاہے۔اس بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ کاروبار ی سرگرمیاں ایک دم تبدیل ہوگئیں ہیں اور اب ٹیکنالوجی بیسڈ کاروبار تیزی سے اُبھررہاہے۔ نیشنل آئیڈیا بینک ہمارے ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت پر کام کرتا ہے، نیشنل آئیڈیا بینک، تعلیمی اداروں، حکومت اور صنعت کے درمیان تعاون کا مقصد ٹیکنالوجی کے استعمال ،کاروبار اورگورننس کے ماڈلز میں اختراعات کے ذریعے مقامی مسائل کو حل کرنا ہے۔ہماری نوجوان نسل کے پاس آئیڈیازموجود ہیں پاکستان میں بیرون ممالک سے 800 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری اسٹارٹ اَپس پر ہوئی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو پاکستان لانے میں ہماری نوجوان نسل کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام،سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل آئیڈیابینک اور اسپائرپاکستان کے اشتراک سے نیشنل آئیڈیا بینک2021 ء کے صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی سماعت گاہ میں کیا گیا تھا۔صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں کل 24 آئیڈیاز کو منصفین نے قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے لئے منظور کر لیا ہے۔ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ مذکورہ مقابلوں کا مقصد صنعتی مسائل اور سماجی چیلنجز کا موثر انداز میں حل تلاش کرنا ہے۔مذکورہ پروگرام کے لئے پاکستان بھر سے 6 مختلف شعبوں میں2,000 سے زیادہ آئیڈیاز آئے ہیں جبکہ اب تک4,000 1سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ یہ پروگرام ملکی اور غیر ملکی سطح پر کتنا مقبول رہا ہے۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی شک نہیں کہ وقتاً فوقتاً ایسے نتیجہ خیز مقابلوں کا انعقاد ہمارے ملک کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے متعدد تجارتی ذہنوں کو تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
گورنر سندھ

ای پیپر دی نیشن