گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو ملکی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر ایک پیج پر آنا چاہئے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سب ایک ہوں گے تو پھر دنیا کی کوئی طاقت کسی محاذ پر پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے پنجاب آب پاک اتھارٹی بھر پور کام کررہی ہے۔ انشا ء اللہ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ وہ جمعرات کے روز گجر خان میں فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز کے تعاون سے لگائے جانے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پنجاب آب پاک اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شکیل احمد بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی اورمذہبی جماعتیں سب سے پہلے ملکی مفاد کو ترجیح دیں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایسے ہی سوچیں جیسے وہ اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔