شہباز شریف کا ہتک عزت  دعویٰ،حق دفاع ختم کرنے کیخلاف عمران کی اپیل سپریم کورٹ سے خارج


لاہور (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران کیخلاف 10 ارب روپے مالیتی ہتک عزت کے دعویٰ میں ٹرائل کورٹ کے حق دفاع ختم کرنے  کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی اپیل دو ایک کی نسبت سے خارج کردی ہے۔  جسٹس عائشہ اے ملک نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ بینچ کے تیسرے رکن جسٹس امین الدین خان تھے۔ عدالت نے عمران کا حق دفاع ختم کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیا ہے۔  وکیل مصطفیٰ رمدے نے بتایا شہباز شریف نے سیشن کورٹ میں عمران کے خلاف 10 ارب ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ عمران نے شہباز شریف پر پانامہ کے معاملے پر رشوت کی  آفر کا الزام لگایا تھا۔  مئی 2022ء سے نومبر 2022ء تک عمران خان کے وکلا التوا مانگتے رہے۔  ٹرائل کورٹ عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتی رہی ہے۔  یہ کہتے ہیں عمران خان کے زخمی ہونے کی وجہ سے حلف نامے پر دستخط نہیں ہوئے۔ جبکہ ٹرائل کورٹ میں 21 سماعتوں میں سے 13 سماعتوں میں عمران خان کے وکلا نے التوا مانگا ہے۔ جواب داخل نہ کرنے پر سیشن عدالت نے عمران خان کا حق دفاع ختم کر دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ 

ای پیپر دی نیشن