وزیر اعظم،آرمی چیف کی ملاقات،آج ہونیوالے قومی سلامتی اجلاس پر تبادلہ خیال

Dec 30, 2022

وزیر اعظم،آرمی چیف کی ملاقات،آج ہونیوالے قومی سلامتی اجلاس پر تبادلہ خیال
وزیر اعظم،آرمی چیف کی ملاقات،آج ہونیوالے قومی سلامتی اجلاس پر تبادلہ خیال


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس پر بھی گفتگو کی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے سدباب پر غور ہوگا، افغان سرحد کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے سدباب پر غور ہوگا۔ جب کہ عسکری حکام دہشتگردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ 
ملاقات 

اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بطور خادم پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئندہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمن، مریم اورنگزیب، وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی، جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں ضائع اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ وزیرِ اعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی اور وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو آئندہ ماہ جنیوا میں ہونے والی کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکر ملک کو بحران سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے بطور ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی خدمات کو سراہا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کر سکتا ہے۔ کراچی مستحکم ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔این این آئی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نامور اداکار فردوس جمال کی صحت میں بہتری پر اظہار تشکر کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایک کروڑ کا امدادی چیک فردوس جمال کے حوالے ہونے کی رپورٹ پر وزیراعظم نے اظہار اطمینان کیا اور نامور فنکار کے علاج کے تمام اخراجات سرکاری طور پر ادا کرنے کی ہدایت کی۔

 شہباز شریف 

مزیدخبریں