لاہور(نوائے وقت رپورٹ) ہم پر مسلط کئے گئے تجربہ کار لوگ 22 کروڑ کے ملک کو تیزی سے نگل رہے ہیں۔ بڑی محنت کے ساتھ طویل سازش کے بعد ایک نا اہل ٹولے کو ہم پر مسلط کیا گیا۔ اسحاق ڈار اس ملک کو دیوالیہ کرنے کے مشن پر آیا ہے۔ اس کا جہاز تیار کھڑا ہے اور ملک کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کرتے ہی ڈار سمیت تمام لٹیرے فرار ہو جائیں گے۔ بدتر معاشی حالات کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بعد آٹو موبائل انڈسٹری بھی زوال کا شکار ہے۔ پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اپنے پلانٹ بند کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فسطائی حکومت نے تحریک انصاف کے خلاف ہر حربہ استعمال کر کے دیکھ لیا لیکن پھر بھی ناکام رہی۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے بعد بھی تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔ آج پورے ملک میں ''الیکشن'' کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن گیا ہے۔ یہ لوگ الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کو عوام کبھی قبول نہیں کرے گی، یہ ملک عوام ہی چلائیں گے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ سے مرکزی علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرحوم طارق عزیز کی اہلیہ ڈاکٹر ہاجرہ طارق عزیز بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ اس موقع پرترجمان وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے علماء نے ماضی میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ ملک میں دہشتگردی میں حالیہ اضافے کے خلاف علماء کو بھرپور آواز اٹھانی چاہئے۔ سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد نے کہا کہ مرکزی علماء کونسل پاکستان تحریک انصاف کے نظریہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ