اسلام آباد (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی پولیس کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔ جمعرات کو قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے معاملے پر شہباز گل کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف نئے کیسز کی فوری سماعت کی اجازت دیتے ہیں۔جسٹس عرفان سعادت خان نے کہا کہ پہلے سے زیر سماعت مقدمے میں فوری سماعت کی استدعا منظور نہیں کی جاتی۔عدالت نے شبہاز گل کے وکلا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روسٹر برانچ کے ذریعے درخواست دائر کی جائے۔خیال رہے کہ شہباز گل نے سندھ میں درج مقدمات کالعدم قرار دینے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جب کہ عدالت نے شہباز گل کے خلاف کراچی میں درج مقدمات کی تفصیلات 17 جنوری کوطلب کر رکھی ہیں۔اس حوالے سے شہباز گل نے کہا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، بیان سے متعلق مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہوچکا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے اسی لیے کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
شہبازگل استدعا مسترد