نیوی کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ، 2023ء میں میری ٹائم انڈسٹری مضبوط ہو گی: نیول چیف

Dec 30, 2022


 
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) سال کے اختتام پر کراچی میں پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نیول چیف کی آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے ان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور خطے کے بحری تحفظ اور پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے قومی و بین الاقوامی سمندری حدود میں دوطرفہ اور کثیرالملکی مشقوں کے کامیاب انعقاد پر افسران اور جوانوں کی لگن و پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔  گوادر بندرگاہ اور سی پیک سے منسلک بحری پراجیکٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔  پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے رواں سال کے دوران حاصل ہونے والی پاک بحریہ کی فلیٹ کی کامیابیوں پر  بریفنگ دی۔  بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کے مختلف سکواڈرنز کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشنسی شیلڈز دیں۔ دریں اثناء اسلام آباد  ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے  چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ایم امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی میں اچھی خاصی کاروباری صلاحیت موجود ہے جس سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا جا سکا اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیاں کو مزید فروغ دینے کے لئے ان مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ایڈمرل ایم امجد خان نیازی نے کہا کہ 2023 میں میری ٹائم انڈسٹری مزید مضبوط  ہو گی جس سے روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا ہونگے  اور انٹرپرینیورشپ اور تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔ رئیر ایڈمرل محمد فیصل عباسی، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (اپس) نے کہا کہ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اسے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دفاعی الات اور مصنوعات کی مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی سی سی آئی کے وفد کو ملاقات کے لیے وقت دینے پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔

نیوی پریڈ

مزیدخبریں