ملک دیوالیہ ہو گیا، بحران سے نکلنے کا واحد  راستہ الیکشن: سراج الحق 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک معاشی، سیاسی ، اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہو چکا ہے۔ ٹیکنوکریٹ حکومت کے شوشے مسائل کا حل نہیں، بحران سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہے، مگر انتخابات سے قبل الیکشن ریفارمز ہونی چاہییں، موجودہ ماحول میں بغیر اصلاحات کے انتخابات ہوئے تو نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔ جمعرات کو منصورہ میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آج جمعہ کو گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے ملک گیر سطح پر ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منائے گی جس کے تحت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ امیر جماعت نے اس تاثر اور پروپیگنڈہ کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا کہ گوادر کے عوام کا احتجاج سی پیک کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی سی پیک کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس منصوبہ کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری سمجھتی ہے۔ گوادر کے رہائشی اور مچھیرے اپنے حقوق کے لیے اس وقت سے احتجاج کر رہے ہیں جب سی پیک کا وجود بھی نہیں تھا۔ حکومت اور ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے درمیان نو ماہ قبل جو معاہدہ ہوا جماعت اسلامی نے اس کے لیے کردار ادا کیا تاہم حکومت نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی جس پر احتجاج اور دھرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ جماعت اسلامی تشدد کی سیاست کو مسترد کرتی ہے بھلے یہ کسی طرف سے ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرے، خیبرپی کے میں  امن و امان کی صورت حال مخدوش، بلوچستان میں محرومیاں نقطہء عروج پر ہیں۔ سندھ میں سیلاب متاثرین رو رہے ہیں اور پنجاب میں سیاسی و آئینی بحران ہے۔ خزانہ خالی، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان، مزدور، کسان سب پریشان ہیں۔ جماعت اسلامی کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارا جہاد فرسودہ نظام کے خلاف ہے، جماعت اسلامی موجودہ حکمران جماعتوں کے متبادل کے طور پر موجود ہے۔ عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔
سراج الحق 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...