لاہور ( نیوزرپورٹر) پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل لاہور شفقت عباس نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ خبروں کی رپورٹنگ کے لیے جدید آلات کو اپنائیں۔وہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے صحافیوں کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے جو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور پی آئی ڈی لاہور کے تعاون سے بہاولپور میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے آگاہ ہے۔ کیونکہ یہ حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا والوں کی صلاحیتوں کو بڑھانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں، دو روزہ تربیتی ورکشاپ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔بہاولپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نہ صرف خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ورکنگ صحافیوں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔