اسلام آباد(نا مہ نگار)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے کہا ہے کہ سردیوں میں گیس ہیٹرز اور سٹووز کے استعمال میں احتیاط لازمی ہے۔ اوگراکی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گیس کے ہیٹر اور چولہوں کا غیرمحفوظ استعمال جان و مال کیلئے نقصان دہ ہے اور بہت سے جان لیوا واقعات کی بنیادی وجہ ہے۔ ان سے خارج ہونے والی گیس جو کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج کی وجہ بنتی ہے اور اس کی وجہ سے لوگ بے ہوش یا فوت ہو سکتے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں، اپنے آپ کو گرم رکھنے کے لیے محفوظ اور متبادل ذرائع استعمال کریں اور گیس، ایل پی جی ہیٹر کے استعمال میں محتاط رہیں۔ گیس، ایل پی جی ہیٹر استعمال کرتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں،اپنے ہیٹر کی باقاعدگی سے سروس کروائیں۔ ہوا کے اخراج کا بندوبست رکھیں ۔ یہ بہت اہم ہے کیونکہ یہ تازہ ہوا کو اندر آنے اور دھوئیں کو باہر جانے میں مدد دیتا ہے۔ہر قسم کے آتش گیر مواد کو ہیٹر سے کم از کم ایک میٹر دور رکھیں۔سونے سے پہلے گیس ہیٹر کو کبھی جلتا ہوا نہ چھوڑیں۔لوڈشیڈنگ، گیس کا پریشر کم یا بند ہونے کی صورت میں ہیٹر یا چولہے فورا بند کر دیں۔گھروں کے اندر کبھی بھی بیرونی استعمال کے آلات کا استعمال نہ کریں(اس میں باربی کیو اور پیٹیو ہیٹر شامل ہیں)۔گھر کے اندر کبھی بھی گیس سلنڈر کا استعمال یا ذخیرہ نہ کریں۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے اسٹیک ہولڈرز اور لائسنس دہندگان کے ذریعے حفاظتی مہم شروع کی ہے تاکہ عام لوگوں اور اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا جا سکے کہ حفاظت کو پہلی ترجیح کے طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات سے بچا جا سکے۔
اوگرا