کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لٹیروںنے کراچی کو بھوتوں کا شہر بنا دیا ہے۔شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے لئے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ان کاموں کا مقصد محض شہریوں کو پریشان کرناہے۔ بغیر متبادل روٹ بنائے ساری سڑکوں کی کھدائی کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ملازمتوں پر جانے کے لئے تین تین گھنٹے صرف ہو جاتے ہیں۔ تین کروڑ سے زائد آبادی کے لئے کوئی معقول ٹرانسپورٹ کا نظام تک نہیں ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اور ناکافی سہولیات کی وجہ سے شہری مختلف جسمانی و نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ کراچی کو لوٹنے والے کچھ تو کراچی پر بھی لگائیں۔سردیوں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیدنگ معمول کی بات بن گئی ہے۔ ڈکیتوں و رہزنوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ایسا لگتا ہے شہر میں انتظامیہ نام کی کوئی شے نہیں ہے۔ کراچی کوتمام گوناگوں مسائل کے حل کے لئے چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیئے جانے اور بااختیار مقامی حکومت کی ضرورت ہے۔ شہر میں منصوبہ بندی کے تحت انتظامی معاملات میں بہتری لائی جائے تاکہ ملک کا معاشی انجن اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑا ہوسکے۔ پاسبان پبلک سیکیرٹریٹ میں ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نااہل اور کرپٹ ترین لوگوں کا ٹولہ ہے۔ انتظامیہ، اشرافیہ و مافیائوں کی آلہ کار بنی ہوئی ہے۔ غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ مافیائیں،کراچی کے نوجوانوں کو کھلے عام نشہ بیچ رہی ہے۔ ہیروئین کے استعمال میں کراچی پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے اور انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ایم کیو ایم ٹھگوں کا ٹولہ ہے جس نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر سارا شہر گروی رکھ دیا۔ ایم کیو ایم بے مقصدیت کی طرف گامزن ہے، شہر میں گٹر ابل رہے ہیں اور وہ مہاجر ڈے منانے میں مگن ہے
پیپلز پارٹی کے لٹیروںنے کراچی کو بھوتوں کا شہر بنا دیا ہے:پاسبان
Dec 30, 2022