کراچی ایئرپورٹ پر چین کی تمام فلائٹس کے مسافروں کادوبارہ ٹیسٹ ‘ خط میں تجویز

Dec 30, 2022


کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے چین سے آنے والے تمام مسافروں کے کرونا ٹیسٹ لازمی کرنے کیلئے این سی او سی کو خط لکھ دیا۔ محکمہ صحت سندھ نے چین سے آنے والی تمام فلائٹس کے مسافروں کے کرونا ٹیسٹ کی تجویز دی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کا کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پردوبارہ ٹیسٹ کیا جائے، کرونا مثبت ہونے کی صورت میں قرنطینہ کیا جائے گا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ تمام لوگ جنہیں ویکسین لگائے 6ماہ ہوچکے ہیں انہیں بوسٹر ڈوز لگائی جائے، خاص طور پر 60سال سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوز ضرور لگائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ نے تجویز دی ہے کہ انٹرنیشنل ڈومیسٹک فلائٹس میں ویکسینیشن، ماسک پہننا لازم قراردیا جائے، بڑے اجتماعات پرپابندی عائد کی جائے۔ دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ کا دوبارہ آغاز کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کٹس کی عدم فراہمی کے باعث ریپڈ انٹی جن ٹیسٹ 2روزتک التوا کا شکار رہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا کٹس کی فراہمی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ کا دوبارہ آغاز کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پرقرنطینہ سینٹرکی عدم موجودگی کے باعث کورونا مثبت مریضوں کوگھرجانے کی اجازت دی جارہی ہے، 3ماہ میں 2درجن سے زائد کورونا مثبت مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
 کرونا ٹیسٹنگ/خط

مزیدخبریں