جدہ کی ڈائری ۔۔ امیر محمد خان
اوور لائن جدہ میں پاکستان یک جہتی فورم کے سرگرم رکن چوہدری اظہر
مسلم لیگ ن،تحریک انصاف ، اے این پی ، اور تمام مکتبہ فکر سے مبارکباد موصول
پاکستان میں سیاسی جماعتوںنے بیرون ملک بھی اپنی شاخیںپھیلا رکھی ہیں ۔سعودی عرب میںعمرہ اور دیگر دوروں کیلئے پاکستانی جماعتوں کے رہنماء آتے رہتے ہیں ۔ ان کے چاہنے والے انکے لئے عشایوں ، ظہرانوںکا اہتمام کرتے ہیں ، تحائف دیتے ہیں ، شاپنگ کراتے ہیں، ٹرانسپور ٹ مہیا کرتے ہیں اور مسکین بیرون ملک انکے چاہنے والے سمجھتے ہیں کہ انکے مسائل پاکستان میں وہ حل کرینگے، مگر دیکھا گیا ہے کہ جب یہاں سے دوست پاکستان جاتے ہیں تو جن سے انہوںنے راہ رسم بنائی تھی کھانے کھلا کر وہ ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ، اور بیرون ملک سے جانے والے اپنے رہنماء کے ساتھ سعودی عرب میںبنائی تصاویر لئے گھومتے رہتے ہیں ، اس ضمن میں پی پی پی کا ریکارڈ اچھا ہے جب انکی حکومت ہوتی ہے وہ اپنے ہم خیال بیرون ملک سے آئے ہوئے کارکنوںکو پاکستان میں بھی وقت دیتے ہیں۔ اور بیرون ملک سے جانے والے اپنے چھوٹے کام بھی کرالیتے ہیں ۔ البتہ پاکستان مسلم لیگ ق کے وزیر اعلی پنجاب نے سب کا ریکارڈ توڑ دیا، اور پہلی دفعہ یہ دیکھا کہ مسلم لیگ ق کے سعودی عرب میںروح رواں چوہدری اظہر حسین وڑائچ کو انہوںنے باقاعدہ سیاسی معاون سرکاری طور پر بنایا ۔چوہدری اظہر جدہ میں کاروبار ی شخصیت ہیں اور انکی قدیم وابستگی پاکستان میں چوہدری خاندان سے ہے۔سرگرم ہیں ہر تقریب میں اگلی نشستوںپر ہوتے ہیں ۔ اس لئے انکا وزیر اعلی کا معاون بننا خوش آئند ہے ۔ انکے قونصل جنرل اور سفیر پاکستان سے مراسم کی وجہ سے وہ لوگ آسانی سے چوہدری اظہر کے ذریعے اپنے مسائل حل کراسکتے ہیں ۔ وزیر اعلی کے دفتر سے خط موصول ہونے کے بعد پاکستان کمیونٹی نے چوہدری اظہر وڑائچ کو پھولوںکے گلدستے اور مبارکباد ی جن میں ہر مکتبہ فکر ، مسلم لیگ ن،تحریک انصاف ، اے این پی ، صحافی، دیگر سوشل تنظیموں نے ڈھیروںمبارکباد دیں۔ چوہدری اظہر جدہ میں موجود پاکستان یک جہتی فورم کے سرگرم رکن بھی ہیںجو تمام تنظیموںکو ایک ساتھ لیکر قائم کی گئی تھی ۔
بے نظیر کا یوم شہادت ، پی پی پی جدہ ،ریاض کی تقاریب
پاکستان پیپلز کمیونٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور حسین کی زیرِ صدارت شہیدِ جمہوریت، دخترِ مشرق و سابق وزیر اعظم پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 15 ویں یومِ شہادت پر جدہ کے مقامی ریسٹورینٹ میں ایک تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جموں و کشمیر اورسیز کے چیئر مین چوہدری خورشید متیال اور مہمانانِ اعزازی میں اے این پی کے سنیئر رہنما نوشیرواں خٹک، پولیٹیکل اسیسٹنٹ ٹو چیف منسٹر پنجاب چوہدری اظہر وڑایچ کے علاوہ مسلم لیگ نون جدہ کے چیرمین میاں رضوان، ویلفیئر سوسائٹی کے شریف زمان، مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے سردار اشفاق، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے شمروز خان اور کرسچین کمیونٹی کے جان گلزار شامل تھے ، شاعر آفتاب تربی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کومنظوم خراج تحسین پیش کیا ۔تقریب کے صدر تصّور چوہدری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کی یہ تقریب نہ صرف اظہار عقیدت، خراج تحسین اور دعائے مغفرت کے لئے ھے بلکہ تجدید عہد کے لئے بھی ہے بھٹو خاندان نے اپنے آپ کو پاکستان پر قربان کر کے ملکی تاریخ کے لازوال باب رقم کیے ہیں۔ تصور چوہدری نے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کے عزم و عہد کا اعادہ کیا۔ اور کہا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح حالیہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی پر پاکستان کا مقدمہ لڑا اس پر پوری قوم کو ان پرفخر ہے کہ انکی صورت میں ولولہ انگیز قیادت موجود ہے جو اس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔تصور چوہدری نے سعودی عرب کی پاکستان دوستی کو سراہا اور کہا مسلم امہ کے لئے اور خاص کر پاکستان کے لیے سعودی عرب کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی خورشید متیال نے اپنے خطاب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وطن واپسی کو ترجیح دی اور آمریت کے سامنے آپنے بابا شہید ذولفقار علی بھٹو کی طرح ڈٹ گئیں جنہوں نے پی پی پی کی بنیاد مسلہُ کشمیر پر رکھی تھی۔تقریب سے مسلم لیگ ق سعودی عرب کے چیرمین چوہدری اظہر وڑایچ، میاں رضوان، پی ٹی آئی کے رہنما شاہین آفریدی، اے این پی کے نوشیرواں خٹک، کرسچن کمیونٹی کے جون گلزار، سردار اشفاق، شریف زمان، شمروز خان، اور دیگر پارٹی قایدین کے علاوہ جرنلسٹ فورمز کے چیئرمینوں امیر محمد خان اور جہانگیر خان نے اپنے خطاب میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو انکی شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سینئرنائب صدر پی پی پی ملک جاوید حسین اور اسد اکرم نے بھی شہید رانی کو خراجِ تحسین پیشں کیا۔ تقریب میں مکہ مکرمہ سے آئے ہوئے پیپلز کمیونٹی کے رہنما شعب تارڑ اور قاسم حسین سانڈ نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ھوے کہا کہ ہم مرکزی قیادت کے شانہ بہ شانہ بھٹو ازم کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ اسکے علاوہ پی پی پی جدہ کے صدر اعجاز حسین جنجوہ، ملک تکاثر عباس، خلیل عبدالعزیز، فرج علی اور انکے والد اور دیگر پارٹی کارکنان نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کو پاکستان کا بہت بڑا نقصان قرار دیا۔
ریاض
محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقعہ پر پیپلزپارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے عہدیدار بھی شریک تھے سعودی دارالحکومت ریاض میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالانہ برسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس پیپلزپارٹی ریاض ریجن سمیت پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید عالمی لیڈر تھیں جنھوں نے میر ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کے مطابق ہمیشہ جمہوریت کو مضبوط بنانے سمیت متوسط طبقے کے معیار کو بہتر بنانے کی سیاست کو فروغ دیا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا قتل سے پاکستان کمزور ہوا مگر پیپلزپارٹی اپنے منشور کے مطابق ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں رہی ہے اور آج آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمانی سیاست کو فروغ حاصل ہو رہا ہے اجلاس میں احسن عباسی،وسیم ساجد،فرح احسن،اعجاز رحیم سمیت دیگر نے اظہار خیال کیا۔
میمن ویلفیئرسوسائٹی کی تقریب
بچے مستقبل کے معمار ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں انکی حوصلہ افزائی کرنا ایک خوش آئند عمل ہے۔پچھلی دس سالہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جدہ سعودی عرب میں میمن ویلفیئر سوسائٹی-ماسا نے دسویں تعلیمی ایوارڈ کا انعقاد ہیپی لینڈ پارک جدہ میں کیا، جس میں سعودی عرب میں مقیم میمن برادری کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سمیت 500 افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں ماسا کی طرف سے پرائمری اور سیکنڈری کلاسز، او اینڈ اے لیول، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ڈگری ہولڈرز اور حافظ قرآن سمیت 105 بچوں کو شیلڈ، ٹرافی اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض جاوید اشرف خیرانی نے ادا کئے اور ان کے ساتھ اقصی کولساوالا اور منال یونس نے بھی انکا بھرپور ساتھ دیا۔ صدر ماسا وسیم عبدالرزاق طائی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ایوارڈ کیلئے منتخب تمام بچوں کو مبارکباد پیش کی اور اس ایجوکیشن ایوارڈ کے علاوہ دوسرے تعلیمی اور دیگر پروگرام بھی منعقد کرانے کا عندیہ دیا۔
?جنرل سیکرٹری صادق سوراٹھیا نے ماسا کی موجودہ سرگرمیوں اور آنے ولے نئی منصوبہ بندی کے بارے میں اگاہی دی اور میمنی زبان کے فروغ پر زور دیا۔تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے اپنے خطاب میں ماسا کے تمام ممبران کو باوقار تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور بچوں کی حوصلہ افزای کی۔ انہوں نے دیگر امور میں قونصلیٹ اور اپنی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔تقریب میں یعقوب المیمنی، عدنان ناصر (پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ) نے خصوصی طور پر شرکت کی اور تعلیمی میدان میں بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر ماسا کے عہدیداران اور ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔یجوکیشن کمیٹی کے سربراہ محمد سراج لالہ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو جدید تعلیمی امور سیکھنے پر زور دیا۔ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ پچھلے دو ماہ سے تعلیمی اسناد کو جمع اور اسکی جانچ کرنے میں مصروف عمل رہے ہیں۔ پروگرام میں میمن زبان کو اپنی کمیونٹی میں فروغ دینے کے لیے میمنی زبان میں ایک اسٹیج ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔اسٹیج پر سراج آدمجی کا تیار کردہ ٹیبلو بچوں نے پرفارم کیا جسے خوب داد و تحسین ملی۔ وقفے وقفے سے تقریب کے دوران مختلف کلاسز کے طالب علموں میں مہمانوں کے ہاتھوں ایوارڈ بھی تقسیم کئے جاتے رہے اور مختلف اسپانسرز کی جانب سے دئیے گئے تحائف اور فوڈ کوپنز بھی ہال میں موجود مہمانوں میں تقسیم کئے گئے۔نائب صدرعمران امین مسقطیہ نے تمام مرد و خواتین عہدیداران و ممبران، اسپانسرز، میڈیا نمائندگان، والنٹیرز اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں کی۔ بچے اور بڑے پارک میں موجود جھولوں اور گیمز سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔
ٍ