مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں جاری، کئی نوجوان گرفتار، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف مظاہرے

Dec 30, 2023

سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کے سرچ آپریشن جاری ہیں ، کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ، کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ،کے پی آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے علاوہ پونچھ اور راجوری میں قابض فوج نے کئی علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے ،بھارتی فوجیوں نے بارہمولہ، پونچھ اور راجوری اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری ہے  قصبے میں دکانداروں نے احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ ضلع بڈگام کے علاقے ماگام کے مکینوں نے گزشتہ اٹھارہ دن سے پینے کے پانی کی عدم فراہمی پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔  کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموںوکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے مودی حکومت کی طرف سے مسلم لیگ جموں وکشمیر پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی لگا کر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی ۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ مودی سرکار اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق خود ارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکتا۔

مزیدخبریں