بلاول لاہور،بانی پی ٹی آئی کا میانوالی سے فیصلہ محفوظ، مراد سعید کے کاغذات مسترد

اسلام آباد+لاہور+ میانوالی+راولپنڈی+شیخوپورہ   (جنرل رپورٹر+آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار خصوصی) میانوالی این اے 89 پر عمران خان، لاہور سے بلاول زرداری پر اعتراض کا فیصلہ محفوظ جبکہ کراچی سے شہباز شریف کے کاغذات  نامزدگی  پر پی ٹی آئی نے اعتراضات اٹھا دیئے، متعدد  سیاسی رہنمائوں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق این اے89 میانوالی پر عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکلا آر او کے سامنے  پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر خرم روکھڑی اور خلیل الرحمان نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ اور نااہل ہیں۔آر او نے کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ آج سنایا جائیگا۔این اے  242 کراچی سے تحریک انصاف نے صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض جمع کرا دیئے، ایڈووکیٹ حسنین علی نے کہا کہ شہباز شریف آئیں کے آرٹیکل  63 اور 62 کے تحت نااہل ہیں ، انکے کاغذات مسترد کئے جائیں ۔دوسری طرف سوات سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 2 اور این اے4 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ مراد سعیدکے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کیا کہ وہ اشتہاری ہیں اور متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔ علاوہ ازیں ریٹرننگ افسر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے این اے 127سے کاغذات نامزدگی پر عائد اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کرلیا،بلاول بھٹو کے وکیل نے تحریری دستاویزات اور دلائل ریٹرننگ افسر کو جمع کرادیئے ۔بلاول بھٹو کی قانونی ٹیم کاکہنا ہے کہ بلاول کے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز لکھاجانا انسانی غلطی ہے، صرف پنجاب میں مسئلہ بنا،دوسری جانب این اے 127سے بلاول بھٹو کے کورنگ امیدوار اسلم گل کے کاغذات جانچ پڑتال کے بعد منظورکرلیے گئے ہیں۔ بلاول بھٹو کے وکیل نے کہا کہ اعتراض کرنے والا این اے 127کا ووٹر ہی نہیں ہے، نارووال کا رہائشی ہے اس لئے اس اعتراض کی کوئی حیثیت نہیں۔جبکہ گوجرانوالہ این اے 78 سے لیگی امیدوار کرام دستگیر کے کاغذات منامزدگی منظور کر لئے گئے۔   این اے 244  سے ایم کیوایم رہنما ء فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیئے گئے۔ سابق وفاقی وزیرمذہبی امور محمد امین الحسنات کے بھائی فاروق شاہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن کے این اے 82سرگودھا سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے،ذرائع کے مطابق این اے 82سرگودھا سے سابق وفاقی وزیر امین الحسنات کے بھائی فاروق شاہ کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں، ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر امین الحسنات نے الیکشن کے لیے کاغذات جمع نہیں کروائے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی فاروق شاہ نے آزاد امیدوار کے طور پر نیشنل اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے کاغذات جمع کروائے ہیں،ذرائع کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے این اے 82کے امیدواروں بشمول فاروق شاہ، پی پی پی کے ڈاکٹر ندیم افضل چن، مسلم لیگ نواز کے ڈاکٹر مختار اور ہارون پراچہ کو جمعرات کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا تھا این اے 82کے امیدوارآر او کے سامنے پیش ہوئے اور ان کے کاغذات منظور کر لیے گئے ہیں،آر او کی جانب سے امیدواروں کو بتایا گیا کہ کاغذات منظوری کی رسید دسمبر 30کو ملے گی، واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر امین الحسنات اور ان کے بھائی فاروق شاہ نے حال ہی میں پی ٹی ائی کو چھوڑ دیا تھا اور الیکشن میں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لئے جاری شیڈول کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران گزشتہ روز مجموعی طور پر 25 سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دئیے گئے گزشتہ روز ریٹرننگ افسران نے حنیف عباسی، راجہ بشارت، اعجاز خان جازی اور حامد نواز راجہ سمیت 31 سے زائد امیدواروں کو طلب کر رکھا تھا جہاں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی اس موقع پر طلب کئے گئے۔مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمداسلم بلوچ  اور صدر امجد نذیر بٹ کے حلقہ پی پی 141سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر  اور  سابق وزیراعظم شہباز شریف کے این اے 242 کراچی سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل نے دائر کیے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن