لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سے صبح اور صبح سے شام تک 3ہسپتالوں، 3پارکس اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے تفصیلی دورے کیے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مسلسل 7گھنٹے تک چلڈرن ہسپتال،پی آئی سی اورجنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت، شالا مار باغ کو اصل تاریخی حیثیت سے بحال کرنے کے پروگرام، جلوپارک اور بوٹینیکل گارڈن جلومیں تفریحی سہولتوں کو بہتر بنانے کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرکے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کیا اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی میں بچوں کی خیریت دریافت کررہے تھے تو ایک بیڈ پر زیر علاج بچہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو دیکھ کر مسکراتا رہا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی زیر علاج بچے محمد احمد کے بیڈ پر آئے، بچے سے ہاتھ ملایا، پیار کیا اوراس کا حال دریافت کیا۔بچے کی والدہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا آپ کا بہت بڑا فین ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈیوٹی ڈاکٹر سے بھی بچے کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا اورعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے مین کوریڈورکے فرش پر ئی ٹائلز لگانے اورنئے کاؤنٹرز بنانے کاکام 10روز میں مکمل کرنے کی ہدات کی۔ وزیراعلیٰ اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور بائیو گیس کے پائپ 24 گھنٹے میں انڈر گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی۔ ویٹنگ ایریا میں دل کے مریضوں کے تیمارداروں کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظام کرنے اور جنریٹر کو مناسب جگہ پر شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ نئے زیر تعمیر آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلی محسن نقوی نے خصوصی رکشہ میں بیٹھ کر شالا مارباغ کا راؤنڈ لیا اور کہا کہ شالا مار باغ کو اصل تاریخی حالت میں بحال کیا جائے گا۔ دیوار کے ساتھ جمع ہونے والے پانی کا مستقل حل تلاش کی ہدایت کی۔شالا مار باغ کوپرانی تاریخی حیثیت میں بحال کر نے ، شہریوں کو بہترین تفریحی و سیاحتی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایتکی ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جلو پارک اور بوٹینیکل گارڈن جلوپارک میں ٹوٹی سڑکیں اور صورتحال اپ گریڈ کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تتلی گھر کا بھی معائنہ کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردی کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی پنجاب لیڈنگ ایجنسی کاکردار اداکررہی ہے۔ سی ٹی ڈی کی بے مثال کارکردگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی آپریشنل اور انٹیلی جنس استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی اور پنجاب حکومت سی ٹی ڈی کی ہر ضرورت کوپورا کرے گی او رہر سطح پر سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے لئے 313 نئے گھر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ 40 نئے سمارٹ پولیس سٹیشن بن رہے ہیں۔ 20شہرو ں میں سیف سٹی پراجیکٹس 31جنوری تک فنکشنل کرنے کا پروگرام بنایاہے۔ 31جنوری تک پنجاب کے 737 تھانوں کے پاس اپنی اراضی ہوگی۔