لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی منشور آئندہ ماہ جنوری 2024 میں جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے منشور سازی کاعمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا جسے پارٹی نے عہد نامہ قرار دیا ہے۔ (ن) لیگ کا پارٹی منشور جنوری 2024ء کے وسط میں جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منشور میں آئین کی بالادستی، قانون و انصاف میں اصلاحات ترجیحات میں شامل ہے جب کہ معیشت، صنعت و تجارت اور کاروبار ترجیحات میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ احتساب، کرپشن کے خاتمے کو ترجیحات میں سرفہرست نہیں رکھا جائے گا جبکہ نواز شریف نے منشور کمیٹی کو قابل عمل منشور بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کمیٹی کو کہا ہے منشور میں وہ اقدامات شامل کیے جائیں جس پر کوئی سوال نہ اٹھا سکے۔ ذرائع کے مطابق 33رکنی منشور کمیٹی نے سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کا 80فیصد کام مکمل کرلیا ہے، 5جنوری تک موصول ہونے والی عوام کی براہ راست آراء کو منشور کا حصہ بنایا جائے گا۔ ذرائع ن لیگ نے کہا کہ کمیٹی نے منشور کو دستاویزی شکل دینا شروع کردی، چار چھ سیٹوں والی جماعت کی طرح منشور میں دعوے نہیں کریں گے۔