دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے اپنے احاطے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں مسیحی کمیونٹی کی خواتین، بچوں اور بزرگوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کرسمس کی تقریبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مسیحی برادری تارکین وطن کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کی اہم شراکت کو یاد کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور حکومت کی ملک میں 200 سے زائد قومیتوں کی میزبانی کرنے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امن اور رواداری کے کلچر کی تعریف کی۔ اس موقع پر چرچ آف پاکستان کے پاسٹر روفس کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سفیرفیصل نیاز ترمذی نے کیک کاٹنے کی تقریب میں تمام شرکاء کے ساتھ شرکت کی۔
ابو ظہبی میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد
Dec 30, 2023