شدید دھند، کاروبار ٹھپ، پروازیں، ٹرینیں لیٹ، حادثات میں باپ بیٹے سمیت 6جاں بحق

Dec 30, 2023

ننکانہ+فیصل آباد+ سرگودھا+ جڑانوالہ+لاہور (نامہ نگار+نمائندگان+ ایجنسیاں) شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت متعدد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ معمولات زندگی بھی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق  کھرڑیانوالہ سے جڑانوالہ روڈ پر 77 ر ب لوہکے کے قریب  ٹرالر ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار انسٹھ سالہ ذاکر  اور اس کے بیٹے اٹھائیس سالہ عثمان ساکن 103 ر ب کو کچل دیا جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا  جاں بحق ہو گئے۔  ایکسپریس وے پر ساہیانوالہ پل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ڈرائیور باون سالہ سرفراز ساکن 128 ج ب چنیوٹ  دم توڑ گیا۔ چک جھمرہ کے علاقہ شاہین چوک میں  ڈمپر ڈرائیور نے  موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل دیا جس کے نتیجے میں خانقاں ڈوگراں ضلع شیخوپورہ کا رہائشی چون سالہ شاہ دین  جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بیٹا اٹھائیس سالہ امتیاز شدید زخمی ہو گیا۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ دریا خان میں  دلے والا روڈ پر رکشہ روڈ پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی کو عقب سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ بھکر سے ڈیرہ روڈ پر  دو ٹرک ٹکرانے  سے تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء  شدید دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن تیسرے روز بھی شدید متاثر رہا۔ جمعہ کے روز 26پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ پی آئی اے کی دمام سے لاہور پہنچی پرواز پی کے 248 اور دمام سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 244کو اسلام آباد میں اتارا گیا۔ سیالکوٹ ایئر پورٹ پر صبح 8:30 بجے تک کوئی ایک پرواز بھی لینڈ نہ کرسکی تھی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ سے سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738  لاہور کے لئے 12گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ کراچی لاہور کی پرواز ای آر 522، 523، پی کے 306، 307 منسوخ کردی گئیں۔ لاہور ابوظہبی کی دو فلائٹس، سعودی ایئر کی جدہ لاہور پرواز، پی آئی اے کی لاہور جدہ پی کے 969، لاہور کوئٹہ پی کے 322 اور 323 بھی منسوخ کی گئیں۔ لاہور دوحہ پی کے 279، 280 اور کراچی کوئٹہ پی کے 310، 311 بھی منسوخ کی گئیں۔ کراچی اسلام آباد ای آر 502، 503، 504، پی اے 207، 208، پی کے 369، اسلام آباد ریاض پی کے 753، 754 اور دمام اسلام آباد پی کے 246  بھی منسوخ ہوئیں۔ دبئی اسلام آباد پی کے 234  اور ملتان جدہ پی کے 839، 840 منسوخ شیڈول میں شامل ہیں۔ ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ موٹرویز بھی بند کر دی گئیں۔ مانگٹانوالہ اڈا کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل اور مزدا کے تصادم کے نتیجہ میں 22 سالہ نادر خان  زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ شیخوپورہ فیصل آباد مین جی ٹی روڈ پر ڈلہ چندہ سنگھ سٹاپ پر تیز رفتار بس نے پیدل چلتے 19 سالہ نوجوان شہروز کو کچل ڈالا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مزیدخبریں