قیام امن کیلئے شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے: سراج الحق  

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔ حقیقی عوامی مینڈیٹ سے محروم کمزور حکومت ملک کے مسائل حل نہیں کرسکے گی۔ ملک تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے عوام کو محروم رکھا گیا، نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مارشل لاز کے ادوار میں دوفیصد اشرافیہ کی دولت اور جائیدادوں میں اضافہ ہوا، غریب غریب تر ہوتا گیا، مالدار مزید نے مال بنایا۔ سابقہ حکمران جماعتیں ملک کے مسائل کی برابر کی ذمہ دار ہیں، خاندانوں کی حکمرانی کی بجائے جمہور کی حکمرانی قائم کرنا ہوگی، اسی سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ ملک کا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں، گڈ گورننس، قانون کی حکمرانی اور احتساب کا نہ ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائیں میں اپنے انتخابی حلقہ این اے 6 میں کارنر میٹنگز میں اور ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی روز الیکشن کا انعقاد ہونا چاہیے۔ انتخابات ایسے ہوں کہ کوئی اعتراض نہ کرسکے۔ الیکشن سے قبل الیکشن متنازع ہوگئے تو کوئی نتائج تسلیم نہیں کرے گا، مزید بے چینی پھیلے گی، جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔ الیکشن کمیشن حلف کی پاسداری کرتے ہوئے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ انتخاب یقینی بنائے۔ عوام حق حکمرانی سے مزید محروم رہنے کا کوئی جوازقبول نہیں کریں گے۔ ماضی میں حکومتوں کو مسلط کیا جاتا رہا، بادشاہتیں قائم ہوئیں اور حکمران اشرافیہ نے عوام کی بجائے ذاتی مفادات کا تحفظ کیا،آج نتائج سب کے سامنے ہیں، ملک 80 ہزار ارب کا مقروض ہے، قومی ادارے شدید خسارے میں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن