کراچی(کامرس رپورٹر) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے سابق چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات 2024-25 میں بزنس مین پینل کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ہماری ترجیحات میں ملک کے زرعی شعبے میں اصلاحات سرفہرست ہوں گی، ملک کے زرعی شعبے میں کام کرنے کے لیے جارحانہ انداز اپنانا ہوگا تاکہ ملک کے لیے زیادہ زرمبادلہ لانے کے لیے برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا ملک کی گندم کی فی ایکڑ پیداوار دیگر ترقی پذیر ممالک سے بہت کم ہے، "زرعی شعبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پر خاطر خواہ سرمایہ کاری نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریپ کا ہرممبر چاول کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور ممکنہ طور پر رواں مالی سال کے اختتام تک پہلی بار سالانہ چاول کی برآمد 3 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔