پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں سے ”محبت“ برقرار‘ آسٹریلیا نے چوتھا ون ڈے بھی جیت لی

Jan 30, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لندن( بی بی سی ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹرز کی ناکامیوں سے ”محبت“ برقرار رہی اور آسٹریلیا نے پاکستان کو 135 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو فتح کے لیے 278 رن کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 142 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ریان ہیرس نے 19 رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ اس سیریز میں دوسرا موقع ہے کہ ہیرس نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ہیرس کے علاوہ پیٹر سڈل نے دو جبکہ میک کے اور ناتھن ہارٹز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور عمر اکمل 38 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ دیگر بلے بازوں میں شاہد آفریدی نے دس گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے سیریز کے چوتھے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔آسٹریلوی اننگز کی خاص بات مڈل آرڈر بلے باز مائیکل ہسی کی عمدہ بلے بازی تھی۔ محمد آصف پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب باﺅلر رہے۔ ہسی 67 رن بنا آوٹ ہوئے۔ انہوں نے ناتھن ہارٹز کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 80 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔کیمرون 44 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر محمد آصف کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ ہارٹز نے چار چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔پاکستان کی جانب سے محمد آصف نے تین، سعید اجمل نے دو، دو جبکہ رانا نوید الحسن، اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزیدخبریں