لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پنجاب سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا بند کرے اور پنجاب میں بجلی، گیس اور سی این جی کی سپلائی طور پر بحال کرے ورنہ پنجاب کے صنعتکار، تاجر اور عوام نہ صرف اس ناانصافی پر شدید احتجاج کریں گے بلکہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے حکمرانوں کا احتساب بھی کریں گے۔ آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن بزنسمین گروپ کے رہنما خامس سعید بٹ، آپما کے صدر محمد اجمل اور نائب صدر خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ حکومت جب سے برسرِاقتدار آئی ہے بجلی، گیس اور سی این جی کی فراہمی کے سلسلے میں پنجاب کے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی و گیس کے بلوں کی ادائیگی سب سے زیادہ جبکہ چوری اور لائن لاسز سب سے کم ہیں لیکن بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سب سے زیادہ نشانہ پنجاب ہی کو بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل، لیدر، سی این جی اور دیگر صنعتوں کو گیس و بجلی کی بندش سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت پنجاب کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک پہلے ہی بہت سے سنگین خطرات سے دوچار ہے لیکن حکومت صنعت و تجارت اور معیشت کے حالات سدھارنے کے بجائے سیاسی چالوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس و بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے لاکھوں افراد کا روزگار ختم ہونے سے امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہو جانے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب کو اسی طرح سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا تو ملک معاشی دیوالیہ پن کی طرف چلا جائے گا۔ آپما کے رہنماﺅں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پنجاب کو بجلی، گیس اور سی این جی کی فراہمی بحال کرے بصورت دیگر آئندہ انتخابات میں پنجاب کے صنعتکاروں، تاجروں اور عوام کے ووٹوں سے محروم ہونے کے لئے تیار ہو جائے۔