لاہور (کامرس رپورٹر) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا کہ ملک میں بڑھتی بدامنی‘ افراتفری‘ محاذ آرائی اور بے یقینی کی فضا نے کاروبار بری طرح متاثر کئے۔ کاروباری سرگرمیاں ساٹھ فیصد کے قریب متاثر ہوئی ہیں اور توانائی بحران اور دیگر عوامی سے مشکلات کے شکار تیس چالیس فیصد تاجر اپنی تجارتی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکے ہیں اور معیشت بڑی تیزی سے سکڑ اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا دھرنوں کی سیاست معیشت کیلئے نہایت نقصان دہ ہے۔ سیاسی انتشار اور محاذ آرائی کی بجائے حکومت اور اپوزیشن افہام و تفہیم سے مسائل حل کریں۔ عوام اور تاجروں کا تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ مضبوط حکومتی عزم اور اپوزیشن کے مثبت رویے سے ہی ممکن ہے۔