اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت کے نام قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کے مکتوب پر ایوان صدر نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سے مشورے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ خط کے مندرجات میں ایوان صدر کو سب سے زیادہ تشویش اس معاملے پر ہے جس کو ایڈمرل فصیح بخاری نے ” پری پول رگنگ “ کا نام دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت آئندہ انتخابات کے اس پہلو پر کابینہ سے مشورہ ضروری سمجھتے ہیں کیونکہ آزادانہ انتخابات کیلئے تمام ترانتظامات کے باوجود سپریم کورٹ کے بعض فیصلے انتخابی ماحول پر اثر انداز ہورہے ہیں جن کی نشاندہی چیئرمین نیب نے اپنے خط میں کردی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب کے سربراہ نے اپنے خط میں نیب آرڈیننس کی کسی شق کا حوالہ نہیں دیا۔