قومی ویمن کرکٹ ٹیم فائیو سٹار ہوٹل کی بجائے بھارتی سٹیڈیم میں ”قید“

کٹک (آئی اےن پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کٹک میں پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کو کسی فائیو سٹار ہوٹلز کے بجائے سٹیڈیم میں ہی قید رکھتے ہوئے وہیں رہائش فراہم کر دی۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کا قانون ہے کہ انٹرنیشنل میچز کے موقع پر ٹیموں اور میچ آفیشلز کو لازمی فائیواسٹار ہوٹلز میں رہائش فراہم کی جائے مگر بھارت میں ویمنز ورلڈکپ کے موقع پر کونسل نے خود ہی اسے توڑ دیا، بھارت میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک کرتے ہوئے اسے بارابتی سٹیڈیم کے اندر ہی ٹھہرایا گیا ہے۔پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو کہیں آنے جانے کی بھی اجازت نہیں،انتہا پسندوں سے گھبرا کر ہوٹلز بھی مہمان کھلاڑیوں کو کمرے دینے سے گھبرا رہے تھے۔ منتظمین بھی ٹیم کو ہوٹل سے گراﺅنڈ اور پھر واپس لے جاتے ہوئے سکیورٹی کی فراہمی میں پس و پیش سے کام لیتے نظر آئے۔ اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اسیرباد بیہارا نے میڈیا کو بتایا کہ میچز کے لئے بھوبنیسور سے کٹک سفر کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا، اس لئے ہم نے ان کی رہائش کا انتظام بارابتی سٹیڈیم میں ہی کر دیا۔ یاد رہے کہ بھارتیہ وریارتی پریشاد اور بجرنگ دل نامی انتہاپسند تنظیموں نے دھمکی دی تھی کہ پاکستانی ٹیم کو کمرے نہ دئیے جائیں، اس وجہ سے بھوبنیسور اور کٹک کے بڑے ہوٹلز مہمان کرکٹرز کو رہائش فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں۔ 

ای پیپر دی نیشن