قاہرہ (نیوز ایجنسیاں) کرفیو کے باوجود مصر میں مظاہرے جاری ہیں، ادھر مصر کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیس نے متنبہ کیا ہے ملک میں موجودہ سیاسی بحران ریاست کو ناکامی کی جانب سے جا سکتا ہے۔ ادھر عدالت نے مظاہرین کے روپ میں پرتشدد کارروائیاں کرنے والے گروپ ”بلیک بلاک“ کے ارکان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے سابق سربراہ محمد البرادعی کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کا کوئی واضح ایجنڈا ہو تو ہم ان کے حامی ہیں لیکن صدر نے ہمیں جن مذاکرات کی دعوت دی ہے ان کا کوئی ایجنڈا سامنے نہیں آیا ہے۔ دریں اثناء قاہرہ کے مشہور میدان التحریر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں پولیس اور پتھر پھینکنے والے مظاہرین میں جھڑپوں میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
کرفیو کے باوجود مظاہرے‘ سیاسی بحران مصر کو ”ناکام ریاست“ بنا سکتا ہے: آرمی چیف
Jan 30, 2013