پشاور (این این آئی) چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری نے منگل کے روز قومی احتساب بیورو، خیبر پی کے کا دورہ کیا۔ انہیں اس دوران اہم کیسوں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ چیئرمین نیب نے کہا اہم کیسوں کی مؤثر پیروی کر نے کے ساتھ ساتھ بیورو کرپشن کے بارے میں شعور و آگہی اور روک تھام کی حکمتِ عملی پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشرے کو کرپشن کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے قومی احتساب بیورو خیبر پی کے مجموعی کارکردگی کو سراہا اور محکمے کا سربراہ ہونے کے ناطے عملے کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنے فرائض ِ منصبی بطریقِ احسن سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے بیورو کو ہدایت کی وہ کالونی کے زیرِ تعمیر مکانات کی جلد از جلد تکمیل کے بارے میں کیس تیار کریں۔