ملتان + شجاع آباد (سپیشل رپورٹر+ خبر نگار) جلالپور سے مسلم لیگ ن کے ایم این اے سید دیوان عاشق حسین بخاری کے یونیورسٹی حکام کے سامنے پیش نہ ہونے پر شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی نے انکی ایم اے اور بی اے کی ڈگریوں کو منسوخ کردیا ہے۔ یونیورسٹی حکام نے واضح کیا ہے۔ یونیورسٹی انکوائری بورڈ کے سامنے دوبارہ پیش ہونے پر ڈگریاں بحال بھی کی جا سکتی ہیں۔ عاشق بخاری کی بی اے اور ایم اے کی ڈگریوں کو پی پی پی کے رہنما رانا قاسم نون نے یونیورسٹی حکام کے پاس چیلنج کیا گیا تھا، اس بابت شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی خیر پور سندھ نے انہیں باقاعدہ ایک نوٹس جاری کیا اور یونیورسٹی حکام کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا، مقررہ تاریخ پر حکام کے سامنے پیش نہ ہونے پر یونیورسٹی حکام نے ان کو ایم اے سیاسیات اور بی اے کی ڈگریوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ’’نمائندہ نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی خیر پور سندھ کے ترجمان تاج محمد لاشاری نے کہا ہے دیوان عاشق بخاری کی ڈگریاں ہرگز جعلی نہیں ہیں یونیورسٹی نے محض انکوائری میں پیش نہ ہونے پر ڈگریوں کو منسوخ کیا ہے۔