کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں)کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جہادی کمانڈر اور اتحاد العلماء افغانستان کے صدر جاں بحق ہوگئے۔ بدھ کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ ازبک چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے افغان جہادی کمانڈر اور اتحاد العلماء افغانستان کے صدر مولانا عبداللہ ذاکری کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مولانا عبداللہ ذاکری کے واقعہ کی کوریج کرنے پر مشتعل افراد فوٹو جرنلسٹ جمال ترکئی کا کیمرہ توڑ دیا۔ لوگوں نے قتل پر احتجاج بھی کیا۔ دریں اثناء نصیرآباد کے علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 9 مسافر زخمی ہوگئے۔ بدھ کو نصیرآباد کے علاقے میں نامعلوم افراد کی جانب سے تخریب کاری کی غرض سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر مسافر گاڑی چڑھنے سے ڈرائیور جاں بحق جبکہ 9 مسافر زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے 8 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز مزید کارروائی کر رہی ہے۔ دھماکے کے باعث مختلف علاقوں کو سپلائی معطل ہو گئی۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سے لیویز نے 2 افراد کی مسخ شدہ نعشیں قبضے میں لے لیں۔ تربت میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔علاوہ ازیں تولنگی چمن میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے کے شبہ میں 2 خواتین سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ قبل ازیں سوراب کے قریب نیشنل ہائی وے سے ایک شخص چنگیز خان کی لاش برآمد ہوئی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔