نثار کی عمران، شیخ رشید، فضل الرحمن اور دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں

Jan 30, 2014

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے طالبان سے مذاکرات کے بارے میں پارلیمانی جماعتوں کو باخبر رکھنے کے لئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی  کے اجلاس کے دوران مختلف سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دوران بتائی۔ انہوں نے جن رہنمائوں سے باری باری ملاقات کی ان میں تحریک انصاف کے عمران خان، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیر پائو، جماعت اسلامی کے طارق اللہ، جے یو آئی (ف) کے مولانا فضل الرحمن اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید شامل تھے۔ وزیر داخلہ ان ارکان کے پاس جا کر انہیں طالبان سے مذاکرات کے بارے میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے رہے۔ انہیں بتایا کہ جو بھی پیش رفت ہوگی اس سے پارلیمانی جماعتوں کو مسلسل باخبر رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ان جماعتوں سے کمیٹی کے ارکان کے بارے میں بھی صلاح مشورہ بھی کیا۔

مزیدخبریں