کراچی(نوائے وقت نیوز) بھارتی ذرائع ابلاغ نے امریکی صدر بارک اوباما کے قریبی ساتھی اور مغربی ایشیائی امور کے ماہر سابق سی آئی اے اہلکار بروس ریڈل کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے پاس جوہری بم فراہم کرنے کی پاکستانی کمٹمنٹ موجود ہے۔ انہوں نے بے یقینی کے عالم میں کہا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں میں تیزی سے اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو جوہری بم فراہم کرنے کا عزم کر چکا ہے۔ ایک ممتاز امریکی تھنک ٹینک بروکنگز انسٹی ٹیوٹ میں خارجہ پالیسی پر ایک پینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان تیزی سے جوہری ہتھیاروں میں کیوں اضافہ کر رہا ہے؟ وہ بھارت کے مقابلے میں دگنا یا تین گنا زیادہ بم بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بیرونی پارٹنر ہے جن کے ساتھ جوہری بم فراہم کرنے کا عزم ہے۔یہ معاملہ واضح نہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اس سلسلے میں بات چیت ہوتی رہی ہے۔ سعودی عرب کے پاس پاکستانی کمٹمنٹ موجود ہے کہ وہ انہیں بم فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امریکی صدر اوبا سے انتہائی مایوس ہے لیکن آغاز میں اوباما اور سعودی عرب کے تعلقات حوصلہ افزا تھے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی نشست سنبھالنے سے انکار کر دیا۔